30 اگست 2014 - 08:16
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 12 افراد ہلاک

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ رات سے لیکر صبح تک شہر کے مختلف علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں بارہ افراد اپنے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر کے علاقے نیوکراچی کے ایوب گوٹھ میں ایک پولیس اہلکار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ چاکیواڑہ باغبان مسجد کے نزدیک شعیب نامی شخص فائرنگ سے مارا گیا۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی، ملیر میمن گوٹھ اور شاہ لطیف ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مجموعی طور پر سات افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ جبکہ آج صبح کراچی کے قائد آباد کے علاقے میں ایک ہوٹل پر ادھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی میں دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں، اغواکاروں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس اور رینجرز کا ایک مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ دو کروڑ سے زائد افراد پر مشتمل کراچی شہر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ ملکی جی ڈی پی کا 42 فیصد اسی شہر سے پیدا ہوتا ہے۔ تاہم کئی سالوں سے جاری اغوا برائے تاوان، قتل اور لسانی، فرقہ وارانہ اور سیاسی تشدد کی وجہ سے شہر کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

.......

/169